یو اے ای کے مالی ذخائر سے متعلق گمراہ کن تبصرے مسترد، دفتر خارجہ کا واضح مؤقف
اسلام آباد: وزارتِ خارجہ نے متحدہ عرب امارات کے مالی ذخائر سے متعلق حالیہ تبصروں کو بے بنیاد اور حقیقت کے منافی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں رکھے گئے یو اے ای کے ذخائر دو طرفہ مالیاتی و تجارتی معاہدوں کا حصہ تھے اور ان کی واپسی طے شدہ شرائط کے مطابق کی جا رہی ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ یہ عمل ایک معمول کی مالیاتی کارروائی ہے اور اسے کسی منفی تناظر میں پیش کرنا گمراہ کن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یو اے ای کے ذخائر پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے مضبوط حمایت کا مظہر ہیں۔
دفتر خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جبکہ تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں اسٹریٹجک تعاون جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستانی عوام شیخ زاید بن سلطان النہیان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، جنہوں نے پاک-امارات تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔وزارت خارجہ نے اعادہ کیا کہ پاکستان یو اے ای کے ساتھ اپنے مضبوط تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم پر قائم ہے۔
