ایل پی جی 500 روپے فی کلو کی ریکارڈ سطح پر، صارفین پریشان
کراچی: ملک میں ایل پی جی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور فی کلو قیمت 500 روپے کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہے، جس پر صارفین نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
صارفین کے مطابق ایل پی جی سرکاری نرخ کے مقابلے میں تقریباً 200 روپے فی کلو زائد قیمت پر فروخت کی جا رہی ہے، جس سے گھریلو صارفین کو شدید مالی دباؤ کا سامنا ہے۔
اس حوالے سے عبدالہادی خان کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی سپلائی میں کمی ہے اور ڈسٹری بیوٹرز کو مہنگے داموں گیس فراہم کی جا رہی ہے، جس کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اوگرا اور امپورٹرز زائد قیمت پر فروخت روکنے میں ناکام رہے ہیں، جس کی وجہ سے مارکیٹ میں بے ضابطگیاں بڑھ رہی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر سپلائی کے مسائل پر قابو نہ پایا گیا تو ایل پی جی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھے گا۔
