تہران: ایران نے امریکی صدر ٹرمپ کے جنگ بندی کی درخواست سے متعلق دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے غلط اور بے بنیاد قرار دے دیا۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایک مصری اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اسرائیل کی غلط حکمتِ عملی اور اشتعال انگیزی کے باعث اس تنازع میں کھنچتا چلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں اب کوئی بھی امریکی سفارت کاری پر اعتماد نہیں کر سکتا کیونکہ امریکا مذاکرات کو اپنے مطالبات مسلط کرنے کے لیے بطور ہتھیار استعمال کرتا ہے۔
ترجمان کے مطابق ایرانی عوام اس وقت امریکا کے ساتھ مذاکرات یا سفارت کاری کے لیے تیار نہیں، کیونکہ ماضی میں بھی امریکا نے مذاکرات کو دباؤ اور طاقت کے اظہار کے لیے استعمال کیا۔
اسماعیل بقائی نے دعویٰ کیا کہ ایران کے نئے رہبر مجتبیٰ خامنہ آئی مکمل طور پر صحت مند ہیں اور جنگی حالات کے باعث عوامی سطح پر نظر نہیں آ رہے۔
دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول مضبوط ہے اور امریکی صدر کے بیانات سے آبنائے ہرمزنہیں کھلے گی۔
واضح رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران کی نئی قیادت نے امریکا سے جنگ بندی کی درخواست کی ہے، جسے ایران نے مسترد کر دیا ہے۔
