ایران اور مزاحمتی گروپوں کی مشترکہ کارروائی، اسرائیلی و امریکی اہداف پر 100 سے زائد میزائل اور 200 راکٹ داغ دئیے
تہران: ایران اور خطے میں اس کے اتحادی مزاحمتی گروپوں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی اور امریکی اہداف کو نشانہ بنایا ہے، جس میں 100 سے زائد میزائل اور 200 کے قریب راکٹ داغے گئے۔
ایرانی ذرائع کے مطابق یہ حملے حالیہ کشیدگی کے تناظر میں کیے گئے، جن کا مقصد اسرائیل اور امریکا کو واضح پیغام دینا تھا۔ کارروائی میں مختلف محاذوں سے بیک وقت حملے کیے گئے، جس کے باعث خطے میں سکیورٹی صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام حالیہ حملوں اور خطے میں بڑھتی ہوئی عسکری سرگرمیوں کے ردعمل میں کیا گیا، جبکہ مزاحمتی گروپوں نے بھی اس کارروائی کو مشترکہ دفاعی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے دفاعی نظام نے متعدد میزائل اور راکٹ فضا میں ہی تباہ کر دیے، تاہم کچھ حملے حساس مقامات کے قریب گرے جس سے نقصان کی اطلاعات ہیں۔
امریکی حکام نے بھی اپنے فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ضروری جوابی اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے اس نوعیت کی بڑی کارروائی خطے میں جنگ کے دائرہ کار کو مزید وسیع کر سکتی ہے، جبکہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی خطرناک حد تک بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
