برطانیہ کا ایران جنگ سے لاتعلقی کا اعادہ، “یہ ہماری جنگ نہیں” :کئیر اسٹارمر کا دو ٹوک موقف

0

لندن:  برطانوی وزیر اعظم نے ایک بار پھر دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ برطانیہ کسی صورت مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی یا ممکنہ ایران-امریکا جنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔

لندن میں پریس کانفرنس کے دوران برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان تنازع برطانیہ کی جنگ نہیں، اس لیے اس میں شمولیت کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس جنگ کے اثرات عالمی سطح پر مرتب ہو سکتے ہیں، تاہم برطانیہ کو اس میں گھسیٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

کئیر اسٹارمر کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح ملک اور آنے والی نسلوں کا تحفظ ہے، اور اسی تناظر میں فیصلے کیے جائیں گے۔آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہم سفارتی سطح پر سرگرم ہیں اور عالمی رہنماؤں سے رابطوں کے ذریعے کشیدگی کم کرنے اور تجارتی راستے کھلے رکھنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

نیٹو اتحاد سے متعلق سوال کے جواب میں برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ عالمی دباؤ کے باوجود برطانیہ اپنے قومی مفاد کو مدنظر رکھ کر فیصلے کرے گا۔

دوسری جانب صدر ٹرمپ  نے برطانیہ اور فرانس کے جنگ میں شامل نہ ہونے کے فیصلے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایران جنگ ان کی نہیں تو روس-یوکرین تنازع بھی امریکا کا نہیں ہونا چاہیے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا اب دوسروں کے لیے بوجھ نہیں اٹھائے گا، اور اتحادیوں کو خود اپنی توانائی ضروریات پوری کرنا ہوں گی، چاہے اس کے لیے آبنائے ہرمز کا رخ ہی کیوں نہ کرنا پڑے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.