اب نوعمر افراد بھی اپنے انفرادی بینک اکاؤنٹس کھول سکتے ہیں:اسٹیٹ بینک

0

اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ اب نوعمر افراد بھی اپنے انفرادی بینک اکاؤنٹس کھول سکیں گے، جس کے لیے نیا ریگولیٹری فریم ورک متعارف کرا دیا گیا ہے۔

مرکزی بینک کے مطابق اس اقدام کا مقصد نوجوانوں میں مالی شعور اور خودمختاری کو فروغ دینا ہے تاکہ وہ کم عمری میں ہی مالی معاملات کو بہتر طور پر سمجھ سکیں اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے وسائل کا استعمال کر سکیں۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ اس نئے فریم ورک کے تحت نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، جبکہ اس سے مالی شمولیت میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ حکام کے مطابق اس وقت ملک میں بینک اکاؤنٹس کی مجموعی ملکیت بالغ آبادی کے 67 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

مرکزی بینک نے نشاندہی کی کہ ماضی میں نوعمر افراد زیادہ تر مشترکہ یا والدین کی نگرانی میں کھولے گئے اکاؤنٹس تک محدود تھے، تاہم نئے نظام کے بعد وہ مخصوص شرائط کے تحت اپنے نام سے اکاؤنٹس کھول سکیں گے۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 13 سے 18 سال کی عمر کے درمیان نوجوانوں کی تعداد تقریباً 26 ملین ہے، جسے مالیاتی نظام میں شامل کرنے کے لیے یہ اقدام اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.