بلاول بھٹو،فضل الرحمن ملاقات ،کشمیر، جی بی انتخابات پر مشاورت
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور امیر جمعیت علما اسلام مولانا فضل الرحمن کے درمیان ملاقات ہوئی ، جس میں اہم قومی و سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں آنے والے انتخابات سرفہرست رہے، جہاں دونوں رہنماؤں نے انتخابی صورتحال اور ممکنہ حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا۔ اس حوالے سے آئندہ بھی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاوہ مستقبل کی قانون سازی کے امور بھی زیر بحث آئے، جبکہ دونوں فریقین نے اہم قانون سازی سے قبل باہمی مشاورت کی ضرورت پر زور دیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کو حکومت کی جانب سے بعض قانون سازی پر تحفظات ہیں اور پارٹی قیادت نے اس حوالے سے مولانا فضل الرحمن کے مؤقف سے اتفاق کیا۔
مولانا فضل الرحمن نے مبینہ طور پر اس بات پر زور دیا کہ عجلت میں کی جانے والی قانون سازی سے پارلیمان کی ساکھ متاثر ہوتی ہے، جبکہ انہوں نے پیپلز پارٹی کی قیادت کے ساتھ دہائیوں پر محیط احترام کے تعلقات کا بھی ذکر کیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ون ٹو ون ملاقات بھی ہوئی، جس میں باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور آئندہ دنوں میں رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمن نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے سے آئندہ بھی مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے درمیان سیاسی روابط کی ایک طویل تاریخ رہی ہے، جہاں مختلف ادوار میں دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بھی کرتی رہی ہیں اور اختلافات کا شکار بھی رہیں۔ حالیہ سیاسی صورتحال میں، پارلیمانی قانون سازی، انتخابی حکمت عملی اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں متوقع انتخابات کے باعث سیاسی سرگرمیاں تیز ہو چکی ہیں، جبکہ وفاقی سطح پر قانون سازی کے حوالے سے بھی مختلف سیاسی جماعتوں کے تحفظات سامنے آ رہے ہیں۔ ایسے میں اہم سیاسی رہنماؤں کے درمیان ملاقاتیں آئندہ سیاسی منظرنامے کے لیے اہم قرار دی جا رہی ہیں۔
