وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سے نیشنل پریس کلب کے نومنتخب عہدےداروں کی ملاقات ،پی ایس ڈی پی کے تحت گرانٹ کے معاملے پر ضروری ہدایات جاری
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے نیشنل پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری تقریب میں شرکت کی دعوت قبول کرلی۔
یہ دعوت سینئر صحافی حاجی نواز رضا کی قیادت میں آنے والے وفد نے ملاقات کے دوران دی۔ وفد میں نیشنل پریس کلب کے نومنتخب صدر عبدالرزاق اور سیکریٹری ڈاکٹر فرقان راو سمیت دیگر ارکان شامل تھے۔ ملاقات میں صحافی برادری کو درپیش مسائل اور میڈیا سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات نے نیشنل پریس کلب کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے دونوں گروپوں ڈیموکریٹس اور جرنلسٹ پینل کے عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے ایگزیکٹو باڈی کے ارکان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ نیشنل پریس کلب صحافیوں کی ایک مضبوط آواز ہے اور یہ ادارہ صحافی برادری کے مسائل کے حل اور پیشہ ورانہ اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود اور میڈیا کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
ملاقات کے دوران ہاؤسنگ کوٹہ، نیشنل پریس کلب کو پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ملنے والی گرانٹ، صحافیوں کے لیے ہیلتھ انشورنس اور دیگر فلاحی امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے وفاقی سیکریٹری اطلاعات کو پی ایس ڈی پی کے تحت نیشنل پریس کلب کی عمارت کے لیے گرانٹ کے معاملے پر ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات صحافی برادری کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور متعلقہ معاملات کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
