ایران کے خلاف جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے:برطانوی وزیر اعظم کااعلان

0

لندن: برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر  نے کہا ہے کہ برطانیہ ایران کے خلاف جاری جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، تاہم خطے میں سمندری آمدورفت کی بحالی اور آبنائے ہرمز  کو کھولنے کے لیے اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیئر اسٹارمر نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو کھولنا آسان کام نہیں، تاہم اسے جلد بحال کرنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے اتحادیوں کے ساتھ مشاورت اور عملی اقدامات جاری ہیں۔

برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کے معاملے پر ایک مستند اور قابلِ عمل منصوبے کی ضرورت ہے، تاہم اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے کو  نیٹو کا مشن نہیں بنایا جائے گا۔

کیئر اسٹارمر نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ فوری طور پر ختم ہونی چاہیے کیونکہ اس کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور عالمی معیشت متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اب تک تقریباً 92 ہزار برطانوی شہری مشرق وسطیٰ سے واپس آ چکے ہیں جبکہ حکومت خطے کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔

 

برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ جنگ کے خاتمے کے بعد ایران کے ساتھ کسی نہ کسی معاہدے کے لیے مذاکرات کرنا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ اس تنازع کے جلد از جلد حل کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔کیئر اسٹارمر نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  کے ساتھ برطانیہ کے تعلقات بہت اچھے ہیں اور دونوں ممالک اہم عالمی معاملات پر قریبی رابطے میں ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.