عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کے لیے چیلنج بن گیا، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ
لاہور:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ حکومت کے لیے چیلنج بن گیا ہے، جس کی وجہ سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا۔ تاہم انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ اس کا زیادہ بوجھ عام شہری پر نہ پڑے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے ہفتہ کو سابق صدر پاکستان اور ادارہ نظریہ پاکستان کے سابق چیئرمین محمد رفیق تارڑ مرحوم کی چوتھی برسی کے موقع پر، ادارہ نظریہ پاکستان کے زیر اہتمام ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔
تقریب میں ساجدہ فاروق تارڑ، بلال فاروق تارڑ، مجیب الرحمن شامی، لیگی رہنما ملک شہباز کھوکھر، میاں فاروق، اختر حسین قریشی، سیکرٹری ادارہ نظریہ پاکستان ناہید عمران گل، پروفیسر عابد شیروانی، سیف اللہ چوہدری، نسیم اللہ گردیزی اور طلبا و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان ایک آزاد ریاست ہے جسے ہمارے آباؤ اجداد نے لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل کیا۔ دنیا میں دو ہی ریاستیں ایسی ہیں جو کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قائم ہوئیں، ایک ریاست مدینہ اور دوسری مملکت خداداد پاکستان۔ ملک کے قیام کے پیچھے ایک مضبوط نظریہ تھا، جس کی بدولت آج ہم ایک آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں، اور انشااللہ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔
عالمی حالات پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور معرکہ حق میں ہماری فوج نے دشمن کو ناکوں چنے چبانے کی صلاحیت ثابت کی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور جنگ باہمی تنازعات کا حل نہیں، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں امن قائم کرنے کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششیں عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے سعودی عرب، آذربائیجان، ترکی اور دیگر اسلامی ممالک کے ساتھ رابطے جاری ہیں اور پاکستان اس سلسلے میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت ملک کی خدمت کے لیے پرعزم ہے اور اللہ کے فضل اور مثبت پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔
تیل کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے عطااللہ تارڑ نے کہاکہ موجودہ عالمی صورتحال کے باعث قیمتیں بڑھانا پڑی، مگر کوشش ہے کہ عوام پر کم سے کم اثر پڑے۔انہوں نے مزید کہاکہ ملکی سیاسی اور عسکری قیادت پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے بھرپور کام کر رہی ہے۔
سابق صدر محمد رفیق تارڑ کی قومی خدمات اور نظریہ پاکستان کے فروغ میں کردار کو یاد کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مرحوم کی زندگی ہمیشہ مشعل راہ رہے گی۔
انہوں نے بتایا کہ محمد رفیق تارڑ نے مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے ساتھ مل کر قیام پاکستان کے لیے خدمات انجام دیں اور مہاجرین کی مدد میں پیش پیش رہے۔
مسلم لیگ ن کی رہنما ساجدہ فاروق تارڑ نے مرحوم کی زندگی اور کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ وہ ایک مثالی باپ، نیک صفت اور انصاف پسند انسان تھے۔
مجیب الرحمن شامی نے کہاکہ محمد رفیق تارڑ نے اپنی زندگی میں سادگی، ایمانداری اور دیانتداری کی مثال قائم کی۔تقریب کے اختتام پر مرحوم کی یاد میں فاتحہ خوانی کی گئی اور ادارہ نظریہ پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر عطااللہ تارڑ کو کتب اور شیلڈ پیش کی گئیں۔
