وزیراعظم شہباز شریف سے قطر کے نائب وزیراعظم کی ملاقات
دوحہ: وزیر اعظم شہباز شریف سے قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر مملکت برائے دفاعی امور عزت مآب شیخ سعود بن عبدالرحمن بن حسن بن علی الثانی نے آج دوحہ میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا اور پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات کے تسلسل کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دفاعی روابط کو مزید وسعت دینے کے لیے پاکستان کے عزم کو دہرایا۔
اس موقع پر شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دفاعی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے میں قطر کی دلچسپی کا اظہار کیا۔
ملاقات میں علاقائی صورتحال، خصوصاً ایران اور افغانستان کی صورت حال، پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں اطراف نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
فریقین نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان اور قطر کی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید بلند سطح پر لے جانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
