عمران خان کا بیٹوں سے ٹیلیفونک رابطہ، 20منٹ تک بات چیت ہوئی،علیمہ خان نے تصدیق کر دی
اسلام آباد:بانی تحریک انصاف عمران خان کی ان کے بیٹوں سے فون پر بات کروائی گئی ہے، علیمہ خان نے تصدیق کی ہے کہ عمران خان نے اپنے بیٹوں سے 20 منٹ بات کی۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں بتایا کہ چیف جسٹس نے بانی پی ٹی آئی سے عمران خان کی فون پر بیٹوں قاسم اور سلمان سے بات کروانے کا حکم دیا تھا، اب ہم تصدیق کررہے ہیں کہ عمران خان سے بیٹوں کی فون پر بات کروا دی گئی ہے۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان تقریباً 20 منٹ تک اپنے بچوں سے بات کرسکے۔ ان کے بیٹوں نے بتایا کہ اتنے عرصے بعد والد کی آواز سن کر عمران خان بے حد خوش ہوئے۔
علیمہ خان کا کہنا ہے کہ عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد منتقل کیا جانا چاہیے تاکہ انہیں مناسب اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ان کے ذاتی ڈاکٹرز کی نگرانی میں ماہر ڈاکٹرز ہر ممکن کوشش کریں گے کہ عمران خان کی بینائی بحال ہ سکے۔
علیمہ خانم نے خبردار کیا کہ بروقت علاج میں تاخیر پہلے ہی عمران خان کی بینائی کو نقصان پہنچا چکی ہے اور مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کی فوری دیکھ بھال ناگزیر ہے تاکہ مستقل بینائی کے نقصان سے بچا جاسکے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عمران خان کو ان کی صحت کے حق کے مطابق ہر ممکن طبی سہولت فوری طور پر فراہم کی جائے۔
دریں اثنا وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی آنکھ کے جاری علاج کے تسلسل میں مزید معائنہ اور علاج ایک خصوصی طبی ادارے میں ماہرینِ امراضِ چشم کریں گے۔
عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ اس ضمن میں تفصیلی رپورٹ بھی سپریم کورٹ میں جمع کرائی جائے گی تاکہ معاملہ شفاف اور قانونی دائرے میں رہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے زور دیا کہ اس معاملے پر قیاس آرائیوں، بے بنیاد خبروں اور ذاتی مفاد کے لیے اسے سیاسی رنگ دینے کی کوششوں سے گریز کیا جائے۔
