ٹرمپ ایران کے خلاف فیصلہ کن آپشنز کے خواہاں، امریکی لڑاکا طیارے مشرقِ وسطیٰ پہنچ گئے: امریکی حکام
واشنگٹن: امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف فیصلہ کن آپشنز اختیار کرنے کے خواہاں ہیں۔ امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی لڑاکا طیارے مشرقِ وسطیٰ پہنچ چکے ہیں جبکہ ایک امریکی ایئرکرافٹ کیریئر بھی خطے کی جانب روانہ ہو رہا ہے۔
حکام کے مطابق صدر ٹرمپ ایران کے خلاف سخت اور فیصلہ کن اقدامات پر غور کر رہے ہیں، اسی تناظر میں خطے میں امریکی فوجی موجودگی میں نمایاں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل ایک انٹرویو میں اسرائیل میں سابق امریکی سفیر ڈان شپیرو نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ صدر ٹرمپ آئندہ ہفتوں میں ایران کے سپریم لیڈرآیت اللہ علی خامنہ ای کے خلاف انتہائی سخت اقدام کی کوشش کر سکتے ہیں۔
سابق امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ جلد امریکا کا ایک بڑا بحری بیڑا مشرقِ وسطیٰ میں موجود ہوگا، جو نہ صرف ایران پر ممکنہ حملے کو آسان بنائے گا بلکہ ایران کی جانب سے کسی بھی ردعمل کی صورت میں دفاعی تیاریوں میں بھی مدد فراہم کرے گا۔ ان کے مطابق امریکہ ایرانی فورسز پر مزید حملے بھی کر سکتا ہے۔
بین الاقوامی مبصرین کے مطابق خطے میں بڑھتی ہوئی امریکی فوجی سرگرمیاں مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں مزید اضافے کا باعث بن سکتی ہیں۔
