اماراتی صدر نے ٹرمپ کے ’بورڈ آف پیس‘ میں شمولیت کی دعوت قبول کرلی
ابوظہبی/واشنگٹن: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پیش کی گئی ’بورڈ آف پیس‘ میں شمولیت کی دعوت قبول کر لی ہے۔
اماراتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے امریکا کی جانب سے بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت قبول کر لی ہے‘‘۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق بورڈ کے چارٹر کے تحت رکن ممالک کی مدتِ رکنیت زیادہ سے زیادہ تین سال ہوگی، جس کی تجدید چیئرمین کی منظوری سے مشروط ہوگی۔
اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید کا کہنا ہے کہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کا فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ کے لیے پیش کیے گئے 20 نکاتی امن منصوبے کے مکمل نفاذ کی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے، جو فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے حصول کے لیے نہایت اہم ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکا مختلف عالمی رہنماؤں پر زور دے رہا ہے کہ وہ ٹرمپ کی سربراہی میں قائم اس بورڈ کا حصہ بنیں، جس میں مستقل نشست کے لیے ایک ارب ڈالر فیس مقرر کی گئی ہے۔
اگرچہ ابتدائی طور پر اس بورڈ کا مقصد غزہ کی بحالی کے امور کی نگرانی بتایا گیا تھا، تاہم اس کے چارٹر میں اس کے دائرۂ کار کو صرف غزہ تک محدود نہیں رکھا گیا۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ادارہ مستقبل میں اقوامِ متحدہ کے متبادل یا حریف کے طور پر بھی ابھر سکتا ہے۔
متحدہ عرب امارات خطے میں امریکا کا قریبی اتحادی ہے اور ان چند عرب ممالک میں شامل ہے جن کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم ہیں۔
