سہیل آفریدی کی جانب سے افغانستان کی ترجمانی قابل مذمت اور شرمناک عمل ہے، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ
اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی آج افغانستان کے ترجمان کے طور پر بات کررہے تھے، جو انتہائی قابلِ مذمت اور شرمناک عمل ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ پوری دنیا افغان طالبان حکومت کی جانب سے دہشتگردوں کی پشت پناہی کے شواہد دیکھ چکی ہے اور افغانستان کی سرزمین کے دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے استعمال ہونے کے ناقابلِ تردید ثبوت بھی موجود ہیں۔
عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی نے جھوٹ اور منافقت کی انتہا کردی ہے، جبکہ پاکستانی قوم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیاکہ تحریک انتشار سے وابستہ عناصر جب بھی زبان کھولتے ہیں تو دہشتگردوں کی سہولت کاری کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان کی ترقی فتنہ الخوارج کو قابلِ قبول نہیں، اسی لیے پاکستان کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے سہیل آفریدی کو تنبیہ کرتے ہوئے کہاکہ انہیں ہوش کے ناخن لینے چاہییں۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی آج افغانستان کے ترجمان کے طور پر بات کر رہے تھے جو انتہائی قابل مذمت ہے اور شرمناک ہے۔ پوری دنیا نے افغان طالبان ریجیم کی دہشت گردوں کی پشت پناہی کے ثبوت دیکھے ہیں، اور افغانستان کی سر زمین کے دہشت گردی کی کاروائیوں کے لیے استعمال ہونے کے نا…
— Attaullah Tarar (@TararAttaullah) January 12, 2026
دوسری جانب وفاقی وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے پی ٹی آئی پر واضح کیا ہے کہ اب کسی کی جانب سے بھی دہشتگردوں کی حمایت کی گئی تو کوئی نرمی نہیں برتی جائےگی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گزشتہ برس دہشتگردی کے سب سے زیادہ واقعات خیبرپختونخوا میں ہوئے، لیکن صوبائی حکومت غیرقانونی افغانیوں کو واپس نہیں بھیجنا چاہتی۔
طلال چوہدری نے کہاکہ دہشتگردوں کی پناہ گاہیں اور ٹریننگ کیمپ افغانستان میں ہیں، پی ٹی آئی کی جانب سے دہشتگردوں کے لیے نرم رویہ رکھنے کی کوئی تو وجہ ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کا ترجمان کھل کر دہشتگردوں کی مذمت نہیں کررہا، لیکن اب وزیراعلیٰ ہو یا کوئی عام رہنما، قومی بیانیے کے خلاف کوئی گفتگو برداشت نہیں کی جائےگی۔
