حکومت بجلی صارفین کو ایک اور ریلیف دینے کا فیصلہ، ٹیرف میں کمی متوقع
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت نے بجلی صارفین کے لیے ایک اور ریلیف پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔ حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پر کیپٹو پاور لیوی عائد کرنے سے بجلی سستی کرنے کا راستہ ہموار کر لیا ہے۔
حکومت کی جانب سے کیپٹو پاور لیوی کی رقم سے ماہانہ بنیادوں پر بجلی صارفین کو ریلیف دینے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق کیپٹو پاور لیوی کی شرح بڑھنے پر بجلی میں مزید ریلیف دینے کی توقع ہے۔ وفاقی کابینہ نے لیوی کے ذریعے ریلیف بجلی صارفین تک منتقل کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیوی کا فائدہ ہر دو ماہ بعد صارفین تک پہنچایا جائے گا۔ حکومت نے کیپٹو پاور پلانٹس پر مرحلہ وار 20 فیصد تک لیوی عائد کرنے کا قانون لاگو کیا ہے۔ فوری طور پر کیپٹو پاور پلانٹس پر 5 فیصد لیوی نافذ کی گئی ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں 10 فیصد، فروری 2026 میں 15 فیصد اور اگست 2026 میں 20 فیصد کی شرح ہو جائے گی۔
لیوی کی رقم پاور سیکٹر کے تمام کیٹگری کے صارفین کے ٹیرف کم کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔ لیوی کی عدم ادائیگی پر کیپٹو پاور پلانٹس کے خلاف کارروائی ہوگی اور مستقل ڈیفالٹ پر متعلقہ پلانٹس کو گیس کی فراہمی منقطع کر دی جائے گی۔ ہر کیپٹو پاور پلانٹ گیس یا ایل این جی کے استعمال پر وفاقی حکومت کو لیوی ادا کرنے کا پابند ہوگا۔
