والدین کے دباؤ میں آکر شادی کی، رابی پیرزادہ کا پہلی بار خلع سے متعلق کھل کر اعتراف
کراچی :سابق اداکارہ و گلوکارہ رابی پیرزادہ نے اپنی ذاتی زندگی کے ایک نہایت اہم اور حساس پہلو سے پردہ اٹھاتے ہوئے پہلی بار اپنی شادی اور خلع سے متعلق تفصیلات بیان کر دی ہیں۔
رابی پیرزادہ نے حال ہی میں اداکار و میزبان احمد علی بٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں نہ صرف اپنی ازدواجی زندگی پر گفتگو کی بلکہ اس دوران درپیش مشکلات اور فیصلوں پر بھی کھل کر بات کی۔
انٹرویو کے دوران شادی سے متعلق سوال کے جواب میں رابی پیرزادہ نے انکشاف کیا کہ ان کی شادی ہوئی تھی، تاہم بعد ازاں انہوں نے خلع لے لی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلی مرتبہ اس بات کا عوامی طور پر اعتراف کر رہی ہیں، اس سے قبل رابی پیر زادہ نے اپنی خلع کے حوالے سے کبھی بات نہیں کی۔ رابی پیرزادہ کے مطابق شادی شدہ زندگی میں پیش آنے والے مختلف مسائل کے بعد انہوں نے خلع لینے کا فیصلہ کیا۔
دوبارہ شادی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر سابق اداکارہ نے مثبت جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں دوبارہ شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زندگی میں آگے بڑھنے اور ایک نئے باب کا آغاز کرنے میں کوئی حرج نہیں۔
انٹرویو کے دوران میزبان احمد علی بٹ کی جانب سے جب یہ سوال کیا گیا کہ زندگی کا وہ کون سا سمجھوتہ تھا جو نہیں کرنا چاہیے تھا، تو رابی پیرزادہ نے صاف گوئی سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے والدین کے دباؤ میں آکر شادی نہیں کرنی چاہیے تھی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی شادی وٹا سٹا یعنی تبادلے کی شادی تھی، جو بعد میں ان کے لیے مشکلات کا سبب بنی۔
رابی پیرزادہ کے اس کھلے اعتراف کو سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل ہو رہی ہے، جہاں صارفین ان کی جرات اور سچ بولنے کو سراہ رہے ہیں، جبکہ کئی افراد اسے معاشرتی دباؤ اور جبری فیصلوں پر ایک اہم بحث قرار دے رہے ہیں۔
