کوہاٹ: پولیس کی بڑی کارروائی، بھاری مقدار میں اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش ناکام

0

کوہاٹ:پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں اسلحہ اور ایمونیشن کی بین الصوبائی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ تھانہ جرما پولیس نے مسلم آباد چیک پوسٹ پر دورانِ چیکنگ ایک مشکوک گاڑی کو روکا، جس کی تلاشی کے دوران گاڑی کے مختلف خفیہ خانوں سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور کارتوس برآمد کر لیے گئے۔

پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران اسلحہ سمگلنگ میں ملوث چار ملزمان کو حراست میں لیا گیا، جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان کی شناخت زاہد، ارمان، مسماتہ ز اور مسماتہ ت کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ اسلحہ گاڑی کے مختلف خفیہ خانوں میں نہایت مہارت کے ساتھ چھپا کر منتقل کیا جا رہا تھا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 5 عدد ایس ایم جی، 7 عدد پستول، 46 عدد 9 ایم ایم کارتوس، 5300 ایس ایم جی کارتوس، 30 بور کے 2000 کارتوس، ایک عدد ایم فور رائفل (بغیر میگزین)، 12 عدد کلیننگ راڈز، ایک رائفل بیرل، 23 ایس ایم جی میگزین، 45 عدد 9 ایم ایم پستول میگزین اور ایک فائر سائلنسر برآمد کیا گیا۔

برآمد شدہ اسلحہ اور استعمال ہونے والی گاڑی کو تحویل میں لے کر گرفتار سمگلرز کے خلاف تھانہ جرما میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اسلحہ کی بھاری کھیپ مختلف شہروں میں سمگل کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.