متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان پاکستان پہنچ گئے
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے یو اے ای صدر کے طیارے کو حصار میں لے کر فضائی سلامی پیش کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صدر متحدہ عرب امارات کے ہمراہ وزرا اور سینئر حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آیا ہے۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی سطح پر باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
🚨🇦🇪🇵🇰 BREAKING:
The President of the United Arab Emirates has arrived in Pakistan. His aircraft has landed at Nur Khan Airbase.
The #UAE President’s visit is being described as a new milestone in diplomatic relations between #Pakistan and the United Arab Emirates. pic.twitter.com/nNEwA2X5rb
— Hamdan News (@HamdanWahe57839) December 26, 2025
ترجمان کا کہنا ہے کہ صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ اس دورے سے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقی اور علاقائی استحکام کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔
دورے کے دوران معزز مہمان کی صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ شخصیات سے ملاقاتیں شیڈول ہیں۔صدر متحدہ عرب امارات کے دورہ پاکستان کے پیش نظر اسلام آباد میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی آج چھٹی کا اعلان کر دیا ہے۔ رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کے نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ اور اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹس 26 دسمبر کو بند رہیں گی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو نئی جہت دینے کی امید لے کر آیا ہے، جس میں سرمایہ کاری، تجارت اور باہمی تعاون کے فروغ پر اہم پیشرفت متوقع ہے۔
