آئینی ترمیم کے بعد آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کا ایک ہی نوٹیفکیشن جاری ہوگا: وفاقی وزیر قانون
اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کے بعد آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کے تقرر کے حوالے سے ایک ہی نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، اور اس ضمن میں معاملات جلد حل ہوجائیں گے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے واضح کیا کہ تقرری کے حوالے سے قانون پارلیمنٹ سے پاس ہوچکا ہے، اب نوٹیفکیشن اس قانونی عمل سے منسلک معاملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ نوٹیفکیشن میں تاخیر یا کسی رکاوٹ کا تاثر درست نہیں، تمام معاملات آئینی و قانونی تقاضوں کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان بیرونِ ملک دورے کے بعد وطن واپس آجائیں گے تو وزارت دفاع اس معاملے کو حتمی شکل دیتے ہوئے قائدانہ سطح پر اقدامات آگے بڑھائے گی۔
اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ آئینی و قانونی ضروریات پوری ہوچکی ہیں، اب تقرری کے مراحل بھی جلد مکمل ہوجائیں گے اور اس حوالے سے کسی قسم کی بے چینی کی گنجائش نہیں۔
