بھارت کی پاکستان کیخلاف ایک اور دہشتگرد کارروائی بے نقاب، جاسوسی کرنیوالا ملاح گرفتار، فورسز کی وردیاں بھی برآمد
اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے مشترکہ پریس کانفرنس میں انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے ’’آپریشن سندور‘‘ کی ناکامی کے بعد جھوٹے پروپیگنڈے کا نیا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، تاہم پاکستان کی سکیورٹی فورسز مکمل طور پر الرٹ اور چوکنا ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران اعجاز ملاح کا ویڈیو اعترافی بیان بھی جاری کیا گیا، جس میں اس نے بتایا کہ وہ بھارت کے ایک ایجنٹ ’’اشوک‘‘ کو پاکستانی آرمی کی وردی، کرنسی، سگریٹ اور ماچسیں دینے والا تھا تاکہ بھارت ان اشیاء کو استعمال کر کے پاکستان کے خلاف جعلی ثبوت اور جھوٹا بیانیہ تیار کر سکے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ اس کارروائی کا ممکنہ تعلق بھارتی بحریہ کی جنگی مشقوں سے ہو سکتا ہے۔ بھارت جب بھی اندرونی دباؤ یا انتخابات کے قریب ہوتا ہے، پاکستان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا شروع کر دیتا ہے تاکہ عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹائی جا سکے۔
وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ بھارت ایک بار پھر اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے پروپیگنڈا کر رہا ہے۔کلبھوشن یادیو کے بعد اب بھارت پاکستانی مچھیروں کو استعمال کر کے کارروائیاں کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کیس میں گرفتار اعجاز ملاح کی ویڈیو اور کچھ آڈیو نوٹس بھی موجود ہیں جن سے بھارتی منصوبہ مکمل طور پر بے نقاب ہو گیا ہے۔
طلال چوہدری نے کہا، ’’کبھی کہا جاتا ہے آپریشن سندور ٹو ابھی باقی ہے، کبھی ہاتھ نہ ملانے کی بات کی جاتی ہے۔ مگر ہمارے ادارے جاگ رہے ہیں، چوکنا ہیں اور ہر دشمنانہ سرگرمی کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔‘‘
دونوں وزراء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کسی بھی قسم کے بھارتی پروپیگنڈے یا مداخلت کو کامیاب نہیں ہونے دے گا اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
