رجنی کانت کے گھرکو بم سے ارانے کی دھمکی ، چنئی میں خوف و ہراس پھیل گیا
چنئی: بھارت کے شہر چنئی میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب بالی وُڈ کے سپر سٹار رجنی کانت اور معروف اداکار دھنش کو بم کی دھمکی پر مبنی ای میلز موصول ہوئیں۔ نامعلوم شخص کی جانب سے بھیجی گئی ان ای میلز میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دونوں اداکاروں کے گھروں میں دھماکہ خیز مواد نصب کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق اطلاع ملتے ہی بم سکواڈ اور سکیورٹی ٹیمیں فوری طور پر دونوں رہائش گاہوں پر پہنچ گئیں۔ علاقے کو حفاظتی اقدامات کے تحت مکمل طور پر سیل کر کے سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی تلاشی کے بعد پولیس کو کوئی مشکوک مواد یا شواہد نہیں ملے، جس کے بعد بم الرٹ ختم کر دیا گیا۔
چنئی پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جب کہ سائبر کرائم یونٹ کو بھی تفتیش میں شامل کر لیا گیا ہے تاکہ دھمکی آمیز ای میلز بھیجنے والے کا سراغ لگایا جا سکے۔ حکام کے مطابق ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ واقعہ کسی شرارت یا ذہنی مریض کے عمل کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حالیہ ہفتوں میں تمل ناڈو میں مشہور شخصیات کو بم کی جھوٹی دھمکیاں ملنے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اس سے قبل 2 اکتوبر کو اداکارہ تریشا کرشنن اور دیگر وی آئی پیز کے گھروں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والا ای میل موصول ہوا تھا، جو بعد ازاں جھوٹا ثابت ہوا۔
اسی طرح 9 اکتوبر کو پولیس نے 37 سالہ شخص *شابک* کو گرفتار کیا تھا جس نے اداکار وجے کے گھر میں بم نصب ہونے کا جھوٹا دعویٰ کیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات نہ صرف سکیورٹی اداروں کے وسائل کو ضائع کرتے ہیں بلکہ عوام میں غیر ضروری خوف و ہراس بھی پھیلاتے ہیں۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی مشکوک سرگرمی یا اطلاع کی صورت میں فوراً حکام کو آگاہ کریں۔
