ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ سکول پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام، پانچ حملہ آور ہلاک ،چھ پولیس اہلکار شہید، 13 زخمی
راولپنڈی: 10 اور 11 اکتوبر کی درمیانی شب ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ سکول پر بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے سکول کی بیرونی سکیورٹی کو توڑنے کی کوشش کی تاہم مستعد اور بہادر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے ان کے ناپاک عزائم ناکام بنا دئیے۔ مایوسی کے عالم میں دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی اسکول کے مرکزی دروازے سے ٹکرا دی۔
پولیس کے اہلکاروں نے غیر معمولی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور بھارتی آلہ کار تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ باقی دو دہشت گردوں کو عمارت کے کمپلیکس میں گھیر کر سکیورٹی فورسز نے ایک مربوط اور درست کلیئرنس آپریشن کے دوران ہلاک کر دیا۔
اس شدید فائرنگ کے تبادلے میں چھ بہادر پولیس اہلکار، جن میں تربیت یافتہ اہلکار بھی شامل تھے، وطن کے دفاع میں شہادت کے بلند مرتبے پر فائز ہو گئے۔ بارہ پولیس اہلکار اور ایک عام شہری زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آوروں نے سکول کے احاطے میں واقع مسجد کو بھی نشانہ بنایا اور وہاں نہ صرف مقدس مقام کی بے حرمتی کی بلکہ بے گناہ امام مسجد کو بھی شہید کر دیا، جو اسکول میں امام کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
فوج کے ترجمان کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور صفائی کے آپریشن جاری ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے عزم ظاہر کیا ہے کہ اس بزدلانہ حملے میں ملوث تمام دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قوم کے ساتھ مل کر بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، اور ہمارے بہادر جوانوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں وطن کے دفاع کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
