پی ٹی آئی شہدا کے ساتھ ہے یا دہشتگردوں کے؟ خواجہ آصف نے سوال اٹھا دیا
وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والے 12 جوانوں کی نمازِ جنازہ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سمیت پاکستان تحریک انصاف کا کوئی رہنما شریک نہیں ہوا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہاکہ افغانستان سے بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں نے آج خیبرپختونخوا میں ہمارے 12 جری سپوتوں کو شہید کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہدا کے جنازوں میں سول اور عسکری قیادت نے شرکت کی لیکن وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور پی ٹی آئی کی قیادت کا کوئی نمائندہ موجود نہ تھا۔
وزیردفاع نے سوال اٹھایا کہ تحریک انصاف اس جنگ میں کس کے ساتھ کھڑی ہے؟ کیا وہ ہمارے بیٹوں کے بھارتی حمایت یافتہ قاتلوں کے ساتھ ہے یا وطنِ عزیز پر جان نثار کرنے والے شہدا کے ساتھ؟
خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے 12 جوانوں کی نماز جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ افغانستان سے پاکستان میں دہشتگردی ہورہی ہے، ہم نے افغانستان پر واضح کردیا ہے کہ وہ پاکستان یار خارجیوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرلے۔
