پنجاب میں متاثرین سیلاب کے لیے بڑا ریلیف پیکیج تیار
پنجاب حکومت نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے بڑے ریلیف پیکیج کو حتمی شکل دے دی ہے۔لاہور میں بے گھر ہونے والے ہر فرد کو فی کس 10 لاکھ روپے مالی امداد فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنی بنیادی ضروریات پوری کرسکیں۔
ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب متاثرہ افراد کو ’اپنا گھر اپنی چھت‘ پروگرام کے تحت 15 لاکھ روپے کا قرض بھی فراہم کرے گی۔یہ قرض 14 ہزار روپے ماہانہ اقساط کی شکل میں واپس کرنا ہوگا۔
پنجاب بھر میں حالیہ سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ صوبائی حکومت کے مطابق اب تک 4572 دیہات متاثر ہوچکے ہیں اور 42 لاکھ سے زائد افراد براہ راست متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں سے 22 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
ملتان سمیت مختلف اضلاع میں 139 کشتیاں ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہیں، جبکہ متاثرین کی صحت اور جانوروں کے علاج کے لیے 490 میڈیکل اور 412 ویٹرنری کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں نجی کشتیوں کو ریگولیٹ کیا جائے گا اور ان کی ادائیگی حکومت کرے گی۔ناقص انتظامات کے باعث جلال پور پیر والا کے اسسٹنٹ کمشنر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
