رمشا خان اور خوشحال خان شادی کے بندھن میں بندھ گئے، تصاویر سوشل میڈیا پر جاری
کراچی :پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ رمشا خان اور اداکار خوشحال خان نے اپنی شادی کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے ساتھ ہی دونوں نے اپنی شادی کی خوبصورت تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کر دی ہیں۔
دونوں اداکاروں نے انسٹاگرام پر مشترکہ پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو خوشخبری سناتے ہوئے لکھا، "بسم اللہ الرحمن الرحیم، ہم خوشی سے یہ خبر شیئر کر رہے ہیں کہ الحمدللہ ہم شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔” انہوں نے اپنے پیغام میں اس نئے سفر کے آغاز پر شکرگزاری کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں اور قریبی افراد کی محبت اور دعاؤں پر شکریہ بھی ادا کیا۔
رمشا اور خوشحال نے اپنے بیان میں مداحوں سے درخواست کی کہ اس خوشی کے موقع پر ان کی ذاتی زندگی اور پرائیویسی کا احترام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس نئے سفر میں سب کی دعاؤں کے طلبگار ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں رمشا خان کو روایتی لال عروسی لباس میں دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ خوشحال خان سادہ مگر خوبصورت کالے شلوار قمیض میں ملبوس نظر آئے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل دونوں کی شادی سے متعلق افواہیں گردش کر رہی تھیں، اور ایک مبینہ نکاح کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھی، جس پر بعد ازاں رمشا خان نے ردعمل دیتے ہوئے تصویر وائرل کرنے والوں پر ناراضی کا اظہار کیا تھا۔
