پاکستان اور ترکیہ کا مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق

0

اسلام آباد: وزیرِ اعظم  شہباز شریف نے  جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور علاقائی امن و استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرِ اعظم نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایران پر اسرائیلی حملے اور اس کے بعد برادر خلیجی ممالک پر ہونے والے افسوسناک حملوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے زور دیا کہ بحران کے پرامن حل کے لیے فوری سفارتی کوششیں ناگزیر ہیں۔

گفتگو کے دوران وزیرِ اعظم نے صدر اردوان کو خلیجی ممالک کی قیادت سے اپنے حالیہ روابط سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ پاکستان نے برادر ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کشیدگی کے خاتمے کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مزید تصادم سے بچنے کے لیے تمام فریقین کو زیادہ سے زیادہ تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے خطے میں قیامِ امن کے لیے قریبی اور مسلسل رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

وزیرِ اعظم نے افغانستان کے حوالے سے حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے افغانستان سمیت پورے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.