وزیراعظم شہباز شریف 3 تا 5 مارچ روس کا سرکاری دورہ کریں گے
اسلام آباد: شہباز شریف مارچ میں روس کا سرکاری دورہ کریں گے، جو 3 سے 5 مارچ 2026 تک شیڈول ہے۔ دورے کے دوران ماسکو میں ’’روس پاکستان میڈیا فورم ، ماسکو اسلام آباد‘‘ کے عنوان سے ایک اہم تقریب کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
فورم میں دونوں ممالک کے ممتاز سفارت کاروں، بین الاقوامی امور کے ماہرین، دانشوروں اور سینئر صحافیوں کو مدعو کیا جائے گا۔ یہ تقریب ایسے وقت میں منعقد ہو رہی ہے جب عالمی سیاسی و سفارتی منظرنامہ تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے اور مبصرین کے مطابق اس ابھرتے ہوئے تناظر میں پاکستان اور روس کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کو خصوصی اہمیت حاصل ہو چکی ہے۔
فورم کے دوران اقتصادی تعاون، توانائی، دفاعی تعلقات، میڈیا پارٹنرشپ، عالمی سیاست اور اطلاعات سے متعلق خصوصی سیشنز منعقد ہوں گے۔ روس۔پاکستان تعاون کے کردار پر خصوصی نشست کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کے امکانات پر بھی تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تبادلوں اور دفاعی تعاون میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ اس فورم کا مقصد پاک۔روس تعلقات کو مزید ادارہ جاتی اور مضبوط بنانا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ ماسکو کے تناظر میں یہ ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان معلوماتی اور فکری ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔
