کراچی:پولیس کا جہان آباد میں بڑا آپریشن، 10 منشیات فروش گرفتار
کراچی: پاک کالونی پولیس نے جہان آباد کے علاقے میں منشیات کے خلاف سرچ آپریشن مکمل کرتے ہوئے 17 سے زائد مقدمات میں مطلوب 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی کیماڑی امجد شیخ کے مطابق گرفتار افراد عرصہ دراز سے علاقے میں منشیات کا منظم نیٹ ورک چلا رہے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے چار پستول، تنزانیہ آئس، 23 شراب کی بوتلیں، دس ہزار روپے نقدی اور 10 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔
ایس ایس پی کیماڑی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف گلشن اقبال، بہادرآباد، کلفٹن، سٹی کورٹ، تیموریہ، سمن آباد، زمان ٹاؤن، بوٹ بیسن، برگیڈ، ماڑی پور، شیر شاہ اور بغدادی تھانوں میں منشیات کے درجنوں مقدمات درج ہیں۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ پاک کالونی میں مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ دیگر سہولت کاروں کی تلاش بھی جاری ہے۔
