بھارتی جریدے نے مودی سرکار کی سکیورٹی خامیوں سے پردہ اٹھا دیا
نئی دہلی: ایک بھارتی جریدے نے مودی حکومت کی سکیورٹی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے جرائم اور لاپتہ افراد کے بڑھتے واقعات کو اجاگر کر دیا۔
رواں سال جنوری کے پہلے 15 دنوں کے دوران دہلی سے 800 سے زائد افراد لاپتہ ہوئے۔ جریدے دی ہندو کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومتی غفلت کے باعث نئی دہلی میں لاپتہ افراد کا مسئلہ تشویشناک حد تک بڑھ رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق دہلی میں روزانہ اوسطاً 60 سے زائد افراد لاپتہ ہو رہے ہیں جن میں بچوں کی تعداد بھی شامل ہے۔
اعداد وشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 2017 سے 2023 کے دوران دہلی میں سالانہ اوسطاً 13 ہزار خواتین اور تقریباً 4 ہزار کمسن لڑکیوں کی گمشدگی رپورٹ ہوئی۔جریدے نے نشاندہی کی کہ لاپتہ بچوں کی بڑی تعداد تاحال بازیاب نہیں ہو سکی، جو متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
