بنگلہ دیش میں فسطائیت سے پاک ریاستی سفر کا آغاز ہو چکا، طارق رحمن

0

ڈھاکہ :بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے چیئرمین طارق رحمان نے عام انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے کے بعد ملک میں قانون و امان ہر صورت برقرار رکھنے اور قومی یکجہتی کے فروغ پر زور دیا ہے۔ محفوظ اور باوقار بنگلہ دیش کی تعمیر کے لیے سب کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔

ہفتہ کے روز دارالحکومت کے ہوٹل انٹرکانٹینینٹل میں پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے طارق رحمان نے کہا کہ کسی بھی بہانے کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونی چاہیے، قانون و امان ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آزادی پسند عوام نے بی این پی کو کامیاب بنایا اور یہ دراصل ’عوام کی فتح‘ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج سے ملک میں فسطائیت سے پاک ریاست کے سفر کا آغاز ہو چکا ہے اور سب کو اس نئے دور میں مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔

طارق رحمن نے کہا کہ ملک کی تعمیر میں ہر جماعت اور ہر طبقے کی رائے اہم ہے اور بی این پی سب کو ساتھ لے کر آگے بڑھے گی۔ انہوں نے انتخابات کو پُرامن قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن، انتظامیہ اور انتخابی عملے کا شکریہ ادا کیا۔

پریس کانفرنس میں بی این پی کے سیکریٹری جنرل مرزا فخر الاسلام عالمگیر سمیت دیگر مرکزی رہنما بھی موجود تھے۔ مشترکہ تحریک میں شامل اتحادی جماعتوں کے نمائندے، معزز شہری اور غیر ملکی میڈیا کے نمائندے بھی اس موقع پر شریک ہوئے۔

اگرچہ یہ ایک باضابطہ پریس بریفنگ تھی، تاہم نومنتخب اراکین پارلیمنٹ اور کارکنوں کی بڑی تعداد کی موجودگی کے باعث وہاں جشن کا سماں دیکھنے میں آیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.