پنجاب میں کھیلوں کا انقلاب: مریم نواز کا اسپورٹس سٹی بنانے اور 2026 کو یوتھ کا سال قرار دینے کا اعلان
لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب سٹیڈیم لاہور میں منعقدہ پنک گیمز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواتین کے کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کی قیادت اور صوبے میں اسپورٹس انفراسٹرکچر کی بڑی توسیع کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2026 کو پنجاب میں یوتھ کا سال قرار دیا جا رہا ہے اور اسی سال ایک جدید اسپورٹس سٹی کی تعمیر کا آغاز بھی کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے خطاب میں کہا کہ پنجاب کی بیٹیاں کبڈی، کرکٹ، فٹبال، ہاکی، نیٹ بال، سوئمنگ، رننگ، ایتھلیٹکس، شطرنج، کراٹے، بیڈمنٹن، رگبی، باسکٹ بال، سائیکلنگ اور ٹگ آف وار سمیت ہر کھیل میں حصہ لے سکتی ہیں اور نمایاں کارکردگی دکھا سکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عورت نہ صرف کھیلوں میں بلکہ قیادت کے میدان میں بھی نمایاں مقام حاصل کر سکتی ہے، وہ چیف منسٹر بھی بن سکتی ہے اور ملک کے مردوں کو ٹف ٹائم بھی دے سکتی ہے۔ آج وہ اپنی آنکھوں سے دیکھ رہی ہیں کہ پنجاب کی بچیاں مردوں سے بڑھ کر صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ ہر بچی اپنے گھر، خاندان، معاشرے، صوبے اور ملک کا مستقبل ہے۔ یہ آسمان بھی ان کا ہے، یہ زمین بھی ان کی ہے اور یہ میدان بھی انہی کا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ‘کھیلتا پنجاب‘ صرف کھیلوں کا ایک مقابلہ نہیں بلکہ ایک تحریک ہے، جسے یونین کونسل کی سطح تک لے جایا جائے گا تاکہ صوبے کے ہر شہر اور گاؤں کی بچیوں کو مواقع مل سکیں۔انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ 2026 میں ایک مکمل اسپورٹس سٹی کی تعمیر کا آغاز کیا جائے گا، جہاں جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ نوجوانوں کو عالمی معیار کے مواقع میسر آ سکیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کا کام صرف سڑکیں، ٹرانسپورٹ یا اسپتال بنانا نہیں، اگرچہ یہ تمام منصوبے جاری ہیں۔ ان کے بقول انفراسٹرکچر کی ترقی کے ساتھ ساتھ عوام کے لیے خوشیوں کے مواقع پیدا کرنا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ پنجاب کے کسی بھی شہر سے تعلق رکھنے والی ہر بیٹی خود کو محفوظ محسوس کرے اور بلا خوف و خطر اپنے خوابوں کی تعبیر کے لیے آگے بڑھے۔
مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ صوبے میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کے باعث ریپ کیسز میں 72 فیصد کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک بچیاں خود کو محفوظ محسوس نہیں کریں گی، وہ آگے نہیں بڑھ سکتیں۔ ان کا مقصد یہ ہے کہ والدین اطمینان کے ساتھ اپنی بیٹیوں کو گھروں سے باہر نکلنے اور میدان میں کامیابی حاصل کرنے کی اجازت دیں۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ’چیف منسٹر آپ‘ کے نام سے ایک پورٹل بھی لانچ کیا گیا ہے جہاں نوجوان اپنے مسائل، تجاویز، منصوبے اور آئیڈیاز براہِ راست شیئر کر سکتے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ موصول ہونے والی تجاویز پر خود توجہ دی جائے گی۔
خطاب کے دوران انہوں نے پنجاب میں بسنت کی تقریبات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا عوام نے اس تہوار کو بھرپور انداز میں منایا۔ انہوں نے شرکا سے سوال کیا کہ کیا یہ تقریبات ہر سال ہونی چاہیں؟ جس پر مجمع نے پرجوش انداز میں حمایت کا اظہار کیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں نوجوانوں اور خواتین کی ترقی کے لیے یہ ایک نئی تحریک اور انقلاب کا آغاز ہے، اور حکومت ہر سطح پر ان کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔
