اسلام آباد کی مسجد میں حملہ کرنے والے خودکش بمبار کی شناخت، افغانستان سے تربیت یافتہ نکلا: ذرائع
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ایک مسجد میں خودکش حملہ کرنے والے بمبار کی شناخت ہو گئی ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور نے افغانستان میں دہشتگرد کارروائیوں کی باقاعدہ تربیت حاصل کی تھی اور وہ متعدد بار افغانستان کا سفر کر چکا تھا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان میں موجود مختلف دہشتگرد گروہ طالبان رجیم کی سرپرستی میں خطے کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بنے ہوئے ہیں، جبکہ پاکستان میں ہونے والی ہر بڑی دہشتگرد کارروائی کے پسِ پشت افغانستان اور بھارت کا مبینہ گٹھ جوڑ شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق پوری قوم اس قسم کی مذموم اور بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور سکیورٹی ادارے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ خودکش حملہ آور کی شناخت نادرا کے ریکارڈ کی مدد سے کی گئی۔ پولیس کے مطابق حملہ آور کا تعلق پشاور سے تھا اور اس کی عمر 32 سال بتائی جا رہی ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ حملے میں ملوث سہولت کاروں اور نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جا سکے۔
