اسلام آباد: مسجد و امام بارگاہ میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکا، 31افراد شہید
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے نواحی علاقے ترلائی میں نمازِ جمعہ کے دوران امام بارگاہ میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق دھماکا امام بارگاہ کے داخلی دروازے کے قریب اس وقت ہوا جب نمازِ جمعہ ادا کی جا رہی تھی۔ فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خودکش حملہ آور کو سکیورٹی پر مامور افراد نے مسجد کے دروازے پر روکنے کی کوشش کی، جس پر حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
دھماکے کے فوراً بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس، ریسکیو اوربم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
