بلوچستان دہشتگردی: پی ٹی آئی کا فورسز مخالف ٹرولنگ میں ملوث سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے دوٹوک لاتعلقی کا اعلان
اسلام آباد/کوئٹہ: بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد تحریک انصاف نے سکیورٹی فورسز کے خلاف ٹرولنگ اور توہین آمیز مہم میں ملوث افراد اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے واضح اور دوٹوک انداز میں لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ اس معاملے پر پارٹی میں کوئی ابہام نہیں، اور دہشت گردی سے متعلق واقعات میں سکیورٹی فورسز کے شہدا پر تنقید کرنے والوں سے پارٹی واضح طور پر لاتعلقی اختیار کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی پالیسی کے مطابق فوج اپنی ہے اور پاکستان کے وجود کے لیے بے حد اہم ہے، سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کا مذاق اُڑانا یا انہیں کمزور کرنے کی کوئی کوشش ناقابلِ قبول ہے۔
تاہم پارٹی ذرائع کے مطابق اس باضابطہ مؤقف کے باوجود پی ٹی آئی کی قیادت کو اپنے ہی سوشل میڈیا ٹرولز سے بڑھتے ہوئے خطرات کا سامنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کا سوشل میڈیا زیادہ تر بیرونِ ملک سے چلایا جاتا ہے اور یہ پارٹی چیئرمین، سیکرٹری اطلاعات یا حتیٰ کہ سیاسی کمیٹی کے براہِ راست کنٹرول میں بھی نہیں۔
تین روز قبل بھارتی سرپرستی میں کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے بلوچستان کے آٹھ اضلاع میں حملے کیے، جنہیں سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائیوں کے ذریعے ناکام بنایا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق تین روز کے دوران 177 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔
ادھر قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بتایا کہ ان حملوں میں 17 سکیورٹی اہلکار اور 33 عام شہری شہید ہوئے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ دہشت گردوں کے ساتھ کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوگی اور ریاست دہشت گردی کا جواب پوری طاقت سے دے گی۔
