دشمن نے غلطی کی تو پورے خطے کی سلامتی خطرے میں پڑ جائے گی، ایرانی آرمی چیف کی امریکا و اسرائیل کو وارننگ
تہران :ایران کے آرمی چیف امیر حاتمی نے امریکا اور اسرائیل کو کسی بھی قسم کے حملے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج مکمل طور پر ہائی الرٹ ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امیر حاتمی نے امریکا اور اسرائیل کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر دشمن نے کوئی غلطی کی تو اس کے اثرات صرف ایک ملک تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پورے خطے کی سلامتی خطرے میں پڑ جائے گی۔
ایرانی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ایران کی مسلح افواج ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، اور اگر دشمن نے جارحیت کی تو صہیونی ریاست کی سلامتی بھی شدید خطرے سے دوچار ہو سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی جوہری تنصیبات اور ٹیکنالوجی کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ چاہے قوم کے سائنسدان اور فرزند شہید ہی کیوں نہ ہو جائیں، ایرانی جوہری صلاحیت برقرار رہے گی اور ملک اپنے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
