اسلام آباد کی عدالت کا وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم
اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے ریاستی اداروں پر گمراہ کن الزامات لگانے کے کیس میں عدم حاضری پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دئیے ہیں۔ عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 10 فروری تک ملتوی کر دی ہے۔
عدالت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حکم دیا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔
سینیئر سول جج عباس شاہ نے کیس کی سماعت کی، جس کے دوران وزیراعلیٰ کے پی کے مسلسل غیر حاضر رہنے پر عدالت نے سخت کارروائی کرتے ہوئے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے پیکا ایکٹ (PECA) کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے، جس میں ان پر ریاستی اداروں کے خلاف گمراہ کن بیانات دینے کا الزام ہے۔
