’غزہ بورڈ آف پیس‘ میں طاقت کا منبع ٹرمپ ہوں گے: امریکی اخبار
نیویارک: ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ مجوزہ غزہ بورڈ آف پیس میں اصل طاقت کا منبع امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہوں گے، جبکہ غزہ کی مجموعی نگرانی اور بورڈ کی قیادت کے اختیارات بھی انہی کے پاس ہوں گے۔
امریکی اخبار کے مطابق بورڈ آف پیس سے متعلق قرارداد کے متن میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ غزہ کا انچارج امریکا ہوگا، جبکہ اگلے بورڈ آف پیس کے چیئرمین کو نامزد کرنے کا مکمل اختیار بھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس ہوگا۔غزہ بورڈ آف پیس کے معاہدے میں شامل دیگر ممالک کا کردار بنیادی طور پر معاون نوعیت کا ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کی جانب سے تشکیل دیے گئے غزہ بورڈ آف پیس میں پاکستان، قطر، سعودی عرب، ترکیے، انڈونیشیا، بحرین، مصر، اردن، قازقستان، ازبکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) پہلے ہی شمولیت اختیار کر چکے ہیں۔
اس کے علاوہ ارجنٹینا، آرمینیا، آذربائیجان، بیلاروس، ہنگری، کوسوو، مراکش اور ویتنام نے بھی غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کا اعلان کیا ہے، جبکہ اٹلی اور اسپین نے غزہ بورڈ آف پیس میں شامل ہونے سے انکار کر دیا ہے۔
