آزاد کشمیر: وادی نیلم میں شدید برفباری، وادی لیپا کا رابطہ ہٹیاں بالا سے منقطع
مظفرآباد/نیلم: آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔ برفباری کے نتیجے میں وادی لیپا کا ضلعی ہیڈ کوارٹر ہٹیاں بالا سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔
زمینی راستے بند ہونے پرپاک فوج نے بروقت ہیلی کاپٹر ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے طبی پیچیدگی کا شکار ایک مریضہ کو محفوظ طریقے سے راولپنڈی ملٹری ہسپتال منتقل کیا۔
ادھراستور ویلی روڈ گزشتہ چار روز سے بند ہے، جس کے باعث علاقے میں اشیائے ضروریہ کی ترسیل متاثر ہو رہی ہے۔ اسی طرح پاراچنار میں خون جما دینے والی سردی کے باعث رابطہ سڑکیں بند اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
شدید برفباری کے باعث وادی تیراہ میں بھی حالاتِ زندگی شدید متاثر ہو رہے ہیں، تاہم پاک فوج کی جانب سے مختلف علاقوں میں ریلیف اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں تاکہ متاثرہ آبادی کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ برف ہٹانے کا کام جاری ہے تاکہ بند سڑکیں بحال کی جا سکیں۔
