امریکی صدر ٹرمپ کے سامنے نہیں جھکوں گا: برطانوی وزیراعظم کا دوٹوک اعلان

0

لندن: برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے واضح کیا ہے کہ وہ گرین لینڈ کے معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دباؤ کے سامنے نہیں جھکیں گے اور برطانیہ اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہے گا۔

برطانوی پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چاہے امریکی صدر کی جانب سے بھاری ٹیرف ہی کیوں نہ نافذ کر دیے جائیں، برطانیہ گرین لینڈ کے معاملے پر سرِ تسلیم خم نہیں کرے گا اور نہ ہی اپنے اصولوں اور اقدار پر کوئی سمجھوتہ کیا جائے گا۔

کیئر اسٹارمر کا کہنا تھا کہ گرین لینڈ کے مستقبل کا فیصلہ صرف گرین لینڈ کے عوام اور ڈنمارک کا حق ہے، اور کسی بھی بیرونی دباؤ کے تحت اس معاملے میں مداخلت قبول نہیں کی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ خودمختاری، بین الاقوامی قانون اور اقوام کے حقِ خود ارادیت کے اصولوں پر یقین رکھتا ہے، اور انہی بنیادوں پر اپنی خارجہ پالیسی ترتیب دیتا ہے۔

 وزیراعظم کے مطابق گرین لینڈ سے متعلق حالیہ بیانات اور دھمکیوں نے عالمی سطح پر تشویش کو جنم دیا ہے، تاہم برطانیہ اس معاملے میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ایک ذمہ دار اور اصولی مؤقف اختیار کرے گا۔

برطانوی وزیراعظم کے اس بیان کو امریکا اور یورپ کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ مبصرین کے مطابق یہ موقف برطانیہ کی آزاد خارجہ پالیسی کے اظہار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.