ٹرمپ کا ایک بار پھر پاک بھارت جنگ رکوانے کا دعویٰ
ڈیووس: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رکوانے کا دعویٰ دہرادیا ہے۔
ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے دورِ صدارت میں آٹھ جنگیں رکوائی گئیں، اقتدار سنبھالنے کے بعد امریکا کی سرحدوں کو مضبوط بنایا اور دنیا میں جاری تنازعات کے خاتمے میں کردار ادا کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل بھی متعدد بار پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں کردار ادا کرنے کا دعویٰ کرچکے ہیں۔ مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی اور جنگ کے دوران بھی امریکی صدر کی جانب سے مداخلت کا ذکر سامنے آیا تھا۔
پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگ رکوانے کے کردار کو نہ صرف تسلیم کیا بلکہ ان کی کوششوں کو سراہا بھی، تاہم بھارت اس دعوے کو مسترد کرتا رہا ہے اور اس بات سے انکاری ہے کہ صدر ٹرمپ نے جنگ بندی میں کوئی کردار ادا کیا ہو۔
