پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات سے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

0

ڈیووس/اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات کے نتیجے میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، جبکہ توانائی، زراعت، معدنیات اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں وسیع امکانات موجود ہیں۔

سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے بتایا کہ وہ عالمی اقتصادی فورم (ورلڈ اکنامک فورم) کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے ڈیووس پہنچ چکے ہیں، جہاں اجلاس کے دوران عالمی سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت مختلف شعبوں میں موجود مواقع کو باہمی اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم  شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم کے 56ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ پہنچے۔ زیورخ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر جنیوا میں اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کے مستقل نمائندے محمد بلال، سوئٹزرلینڈ میں پاکستان کے سفیر مرغوب سلیم اور سفارتی عملے نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔

ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کے لیے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی فورم پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا جائے گا اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے گی تاکہ معاشی استحکام اور ترقی کے عمل کو مزید تقویت دی جا سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.