ٹرمپ منصوبے کے تحت غزہ بورڈ آف پیس کے ارکان کا اعلان، امریکی و عالمی شخصیات شامل
واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن منصوبے کے تحت قائم کیے جانے والے غزہ کے لیے ’’بورڈ آف پیس‘‘ کے ارکان کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق میجر جنرل جیسپر جیفرز کو عالمی استحکام فورس کا کمانڈر مقرر کیا گیا ہے۔
اعلان کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، صدر ٹرمپ کے خصوصی نمائندہ اسٹیو وٹکوف اور امریکی صدر کے داماد جیرڈ کشنر کو بھی غزہ بورڈ آف پیس کا رکن بنایا گیا ہے۔
آریے لائٹ اسٹون اور جوش گرون بام کو بورڈ کے سینئر مشیر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ نکولے ملادینوف کو بورڈ آف پیس کا ایگزیکٹو رکن نامزد کیا گیا ہے، جو غزہ کے لیے نمائندہ اعلیٰ کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔بورڈ میں برطانیہ کے سابق وزیراعظم ٹونی بلیئر کے ساتھ ساتھ مارک روون، اجے بنگا اور رابرٹ گیبریل کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق غزہ میں ’’بورڈ آف پیس‘‘ کا قیام صدر ٹرمپ کے امن منصوبے کا اہم حصہ ہے۔ اس بورڈ کا مقصد غزہ میں سکیورٹی، انسانی امداد اور تعمیر نو کے منصوبوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہے، جبکہ فلسطینی اتھارٹی اور نظم و حکومت میں اصلاحات کے عمل کو بھی آگے بڑھانا اس کے مینڈیٹ میں شامل ہے۔
