امریکی دھمکی سے ایران کے ساتھ معاہدوں میں تبدیلی نہیں آئے گی: روس
ماسکو: روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے امریکی دھمکیوں سے ایران روس معاہدوں میں تبدیلی کا امکان خارج کردیا۔
ایک بیان میں روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ تعلقات روس اور ایران کے مفادات کے مطابق ہیں، امریکی دھمکی سے ایران کے ساتھ معاہدوں میں تبدیلی نہیں آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ اپنے رویے سے امریکا ان قوانین کو نظر انداز کرتا ہے جن کو اس نے خود فروغ دیا، گلوبلائزیشن کا نام دیا ، امریکا اپنے اصولوں کی پاس داری نہیں کرتا ۔
سرگئی لاروف کا کہنا تھا کہ اس طرح کے رویے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہمارے امریکی ساتھی اعتبار کے قابل نہیں، امریکا جیسا طاقتور ملک غیر مہذب طریقے اختیار کرتا ہے تو اس کا مطلب ہے امریکی مسابقتی پوزیشن مسلسل کم زور ہوتی جارہی ہے ۔
واضح رہے کہ دو روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں خبردار کیا کہ ایران کے ساتھ تجارت کرنے والے ممالک پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔
