ٹرمپ انتظامیہ کا سخت اقدام: 8 ہزار طلبہ سمیت ایک لاکھ سے زائد افراد کے امریکی ویزے منسوخ

0

واشنگٹن: امریکہ میں امیگریشن پالیسی کے تحت سخت اقدامات کرتے ہوئے ٹرمپ انتظامیہ نے 8 ہزار طلبہ سمیت ایک لاکھ سے زائد غیر ملکیوں کے ویزے منسوخ کر دیے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورِ صدارت کے پہلے سال کے دوران یہ ویزا منسوخیاں عمل میں لائی گئیں۔

محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ منسوخ کیے گئے ویزوں میں کاروبار اور سیاحت کے لیے امریکا آنے والے وہ افراد بھی شامل ہیں جو ویزا مدت مکمل ہونے کے باوجود غیرقانونی طور پر امریکا میں مقیم تھے۔ حکام کے مطابق اس کارروائی کا مقصد امیگریشن قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔

بیان کے مطابق ویزا منسوخی کی فہرست میں 8 ہزار طلبہ اور روزگار کے لیے امریکا آنے والے تقریباً 2 ہزار 500 افراد بھی شامل ہیں۔ محکمہ خارجہ نے واضح کیا کہ ان میں سے بیشتر افراد کے خلاف مجرمانہ ریکارڈ یا قانونی خلاف ورزیوں کے شواہد موجود تھے۔

امریکی حکام کے مطابق شراب نوشی کے دوران گاڑی چلانے، تشدد، چوری، بچوں سے بدسلوکی، منشیات کی تقسیم اور مالی بدعنوانی جیسے جرائم کی بنیاد پر بھی متعدد افراد کے ویزے منسوخ کیے گئے ہیں۔

محکمہ خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امریکا کو محفوظ رکھنے کے لیے ملک بدری اور ویزا منسوخی کی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی۔  گزشتہ سال اگست میں ٹرمپ انتظامیہ نے تقریباً 55 ملین ویزا ہولڈرز کے ریکارڈ کا جامع جائزہ لینے کا اعلان بھی کیا تھا، جس کے بعد ان اقدامات میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.