پی ٹی آئی نے نئے میثاقِ جمہوریت کے لیے تمام جمہوری قوتوں کو دعوت دیدی
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے نئے میثاقِ جمہوریت کے لیے تمام جمہوری قوتوں کو مشترکہ عمل کی دعوت دے دی ہے اور تمام فریقین کے اتفاق سے الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ اعلان چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد کیا گیا، جس میں پی ٹی آئی کے ارکانِ قومی اسمبلی نے شرکت کی۔
اجلاس میں متفقہ طور پر منظور ہونے والی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ بے بنیاد اور سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمات فوری طور پر ختم کیے جائیں اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے دروازے دوبارہ کھولے جائیں۔
قرارداد میں حکومتِ پنجاب کی جانب سے کارکنوں پر لاٹھی چارج اور سندھ حکومت کی جانب سے دوروں کے دوران رکاوٹیں ڈالنے کی شدید مذمت بھی کی گئی۔
قرارداد میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملک اس وقت ایک نہایت نازک اور پیچیدہ سیاسی دور سے گزر رہا ہے اور جمہوری قوتوں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ایک نئے میثاقِ جمہوریت پر اتفاق کریں۔
اس کے علاوہ تمام فریقین کے اتفاق سے الیکشن کمیشن کی تشکیل، شفاف، آزاد اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے اور سیاسی اسیران کے ساتھ انصاف و قانونی برابری کے اصول کو نافذ کرنے پر زور دیا گیا۔
پارلیمانی پارٹی نے تحریکِ تحفظِ آئین پاکستان کے قائدین کے دورۂ لاہور کو خراجِ تحسین پیش کیا اور مطالبہ کیا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کے بلائے گئے امن جرگے کے اعلامیے کو من وعن تسلیم کیا جائے اور اس پر فوری و مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
پاکستان تحریک انصاف کے مطابق یہ اقدامات ملک میں سیاسی استحکام، جمہوری اقدار اور شفاف انتخابات کو فروغ دینے کے لیے ناگزیر ہیں۔
