جدہ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
جدہ :نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے بنگلہ دیش کے مشیر برائے خارجہ امور ایم توحید حسین نے ملاقات کی ہے، دو طرفہ تعاون کے مختلف شعبوں پر گفتگو کی گئی۔
دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ ایم توحید حسین سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات کی مضبوطی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
فریقین نے دو طرفہ تعاون کے مختلف شعبوں پر تفصیلی گفتگو کی، جس میں اعلیٰ سطحی روابط، تجارت اور تعلیمی تعاون کو خصوصی اہمیت حاصل رہی۔
اس موقع پر علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دونوں ممالک باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھیں گے۔
