فرعون، نمرود اور رضا شاہ کا انجام یاد رکھیں، ٹرمپ بھی بچ نہیں پائیں گے: آیت اللّٰہ خامنہ ای

0

تہران:ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای نے امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ گواہ ہے، غرور اور طاقت کے نشے میں مبتلا حکمرانوں کا انجام ہمیشہ عبرتناک رہا ہے، اور ٹرمپ بھی اس انجام سے مستثنیٰ نہیں ہوں گے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں آیت اللّٰہ خامنہ ای نے کہا کہ ایک مغرور شخص خود کو پوری دنیا کے فیصلے کرنے کا اہل سمجھ رہا ہے، حالانکہ اسے یہ جان لینا چاہیے کہ اقتدار کے عروج پر بیٹھے طاقتور ترین حکمرانوں کے ساتھ تاریخ میں کیا کچھ ہوا۔انہوں نے کہا کہفرعون، نمرود اور رضا شاہ کے ساتھ جو ہوا، وہی ٹرمپ کے ساتھ بھی ہو گا۔

ایران کے سپریم لیڈر نے بالواسطہ طور پر امریکا کی عالمی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ظلم، جبر اور مداخلت کی بنیاد پر قائم طاقتیں دیرپا نہیں ہوتیں اور بالآخر زوال کا شکار ہو جاتی ہیں۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھی امریکا اور اسرائیل پر ایران میں حالیہ فسادات کی پشت پناہی کا الزام عائد کیا ہے۔ ایرانی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر پزشکیان نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل لوگوں کو پیغامات دے رہے ہیں کہ وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں تخریب کاری پر اکسا رہے ہیں۔

مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ یہی وہ قوتیں ہیں جنہوں نے ایران پر حملے کیے اور اب اندرونی انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران کسی غیر ملکی طاقت کو قوم کے درمیان انتشار اور بدامنی کے بیج بونے کی اجازت نہیں دے گا۔

ایرانی قیادت کے ان بیانات کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ایران، امریکا و اسرائیل کے درمیان جاری تناؤ کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے آنے والے دنوں میں سفارتی اور سیاسی محاذ پر مزید سخت مؤقف سامنے آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.