ایران میں پُرتشدد مظاہرے، 217 افراد ہلاک ہوئے:ٹائم میگزین کا دعویٰ

0

تہران :ایران میں مہنگائی کے خلاف جاری حکومت مخالف مظاہرے پُرتشدد رخ اختیار کر گئے ہیں۔ معروف امریکی جریدے ٹائم میگزین نے دعویٰ کیا ہے کہ مختلف شہروں میں ہونے والی جھڑپوں کے دوران اب تک 217 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ رات سے مظاہروں میں مزید شدت دیکھی گئی، جہاں متعدد شہروں میں مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ مظاہرین کی جانب سے مختلف مقامات پر توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مظاہرین نے 26 بینکوں، 25 مساجد، 2 ہسپتالوں اور 48 فائر ٹرکوں کو نقصان پہنچایا، جبکہ سرکاری عمارتوں اور پولیس اسٹیشنز پر بھی حملے کیے گئے، جن کے نتیجے میں متعدد سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔

رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پرتشدد مظاہرین نے ایمبولینسوں پر حملے کیے اور بسوں سمیت شہریوں کی گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے اب تک تقریباً ڈھائی ہزار افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے، جبکہ ملک کے مختلف حصوں میں انٹرنیٹ سروس تاحال معطل ہے۔

ٹائم میگزین کے مطابق تہران کے ایک ڈاکٹر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دارالحکومت کے صرف چھ اسپتالوں میں 217 مظاہرین کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں سے اکثریت گولی لگنے سے جاں بحق ہوئی، تاہم ایرانی حکام نے تاحال ہلاکتوں کی سرکاری تصدیق نہیں کی۔

دوسری جانب واشنگٹن ڈی سی میں قائم ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹ نیوز ایجنسی کے مطابق اب تک کم از کم 63 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جن میں 49 عام شہری شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.