پاکستان میں 9ویں OIC وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی تیاریاں، وزیر خارجہ کی زیر صدارت اجلاس
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان میں 2026 میں منعقد ہونے والی 9ویں OIC وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی تیاریوں کے حوالے سے کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کانفرنس کے انتظامات، لاجسٹکس اور موضوعاتی نشستوں کو حتمی شکل دی جائے اور متعلقہ وزارتوں اور OIC سیکریٹریٹ کے درمیان قریبی ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی کانفرنس پاکستان کی خواتین کے حقوق کے فروغ اور سماجی، اقتصادی اور سیاسی شعبوں میں ان کے کردار کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
اجلاس میں قانون و انصاف کے وفاقی وزیر، معاون خصوصی طارق باجوا، وزارت خارجہ، کابینہ، انسانی حقوق اور دیگر متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز کے علاوہ متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ اہلکار بھی شریک ہوئے۔
وزیر خارجہ نے زور دیا کہ کانفرنس کے انعقاد میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو اور ہر انتظامی پہلو بروقت اور مؤثر طریقے سے مکمل کیا جائے تاکہ پاکستان ایک شفاف اور کامیاب کانفرنس کی میزبانی کرے۔
